جمعہ، 11-ستمبر،2026
جمعہ 1448/03/29هـ (11-09-2026م)

اپنا گھر پروگرام: منظور شدہ ہاؤسنگ فنانس 351 ارب 30 کروڑ روپے ہوگیا

11 ستمبر, 2026 08:52

وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت منظور شدہ ہاؤسنگ فنانس کی مجموعی مالیت 351 ارب 30 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اسکیم کے تحت پہلے 10 سال کے لیے 5 فیصد مقررہ شرح سود کی سہولت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ایکسیس ٹو فنانس اسٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہوا، جس میں ایس ایم ایز، زراعت، ہاؤسنگ اور الیکٹرک گاڑیوں کی فنانسنگ میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اگست 2026 تک ایس ایم ای فنانسنگ 1,067 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، جس سے 3 لاکھ 23 ہزار 987 افراد مستفید ہوئے۔ حکومت نے جون 2028 تک ایس ایم ای فنانسنگ کو 2 ہزار ارب روپے اور قرض لینے والوں کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

ایس ایم ایز میں مالیاتی آگاہی بڑھانے کے لیے ملک بھر میں 560 تربیتی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں سے 100 پروگرامز مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ گزشتہ ماہ ہیلپ ڈیسک کے 5 سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اگست 2026 تک زرعی فنانسنگ 1,268 ارب روپے تک پہنچ گئی، جس سے 33 لاکھ 92 ہزار 92 کسان مستفید ہوئے۔ حکومت نے جون 2028 تک زرعی فنانسنگ کو بھی 2 ہزار ارب روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

زرخیز آسان زرعی قرض اسکیم کے تحت 58 ہزار 919 کسان رجسٹرڈ ہوئے اور 16 ہزار 964 قرضوں کی منظوری دی گئی۔ منظور شدہ 7 ارب 34 کروڑ 90 لاکھ روپے میں سے 1 ارب 95 کروڑ 60 لاکھ روپے کسانوں کو جاری کیے جا چکے ہیں۔

ہاؤسنگ فنانس کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 60 ہزار 349 قرضے منظور کیے گئے ہیں، جبکہ 9 ہزار 717 قرضوں کی مد میں 51 ارب 13 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔ اسکیم کے تحت پہلے 10 سال کے لیے 5 فیصد فکسڈ شرح سود کی سہولت برقرار ہے۔

الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے پی اے وی ای پروگرام میں 17 ہزار 118 درخواستیں منظور ہوئیں، جن کی مجموعی مالیت 2 ارب 58 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے۔ اب تک 4 ہزار 228 قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 1 ہزار 860 الیکٹرک بائیکس شہریوں کے حوالے کی گئی ہیں۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متعلقہ حکام کو منظور شدہ قرضوں کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاغذی منظوریوں کو حقیقی معاشی سرگرمی میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ذیلی کمیٹیوں کو عملی اقدامات مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے مالیاتی نظام سے محروم طبقات اور ایس ایم ایز تک آسان اور مؤثر فنانس کی رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔