اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

ستمبر 1965 کی جنگ کا 15واں روز، پاک فوج اور فضائیہ کی شاندار کارروائیاں، بھارت کے ٹینک اور طیارے تباہ

15 ستمبر, 2026 10:23

ستمبر 1965 کی جنگ کے پندرہویں روز پاک فوج نے سیالکوٹ سیکٹر میں دشمن کا حملہ پسپا کیا اور فضائیہ نے اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

ستمبر 1965 کی جنگ کے 15ویں روز پاک فوج نے سیالکوٹ سیکٹر میں دشمن کے ایک اور حملے کو شاندار طریقے سے پسپا کرتے ہوئے اسے بھاری نقصان پہنچایا۔

بھارت کی ون کور نے بدیانہ، چونڈا اور ظفر وال کی پوزیشنز پر قبضہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن پاک فوج کی طرف سے سخت مزاحمت پر بھارتی کمانڈ کو اپنا منصوبہ تبدیل کرنا پڑا، جسے دوبارہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پسرور اور ہسری نالے پر پاکستانی آرٹلری کے فائر سے بھارت کی 16 کیولری کے 4 ٹینک تباہ ہو گئے۔ پاک فضائیہ کے 8 سیپر لڑاکا طیاروں کی بھارتی پوزیشنز پر زبردست گولہ باری کے باعث بھارتی فوج ہسری نالہ سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ستمبر 1965 کی جنگ کا 14ویں روز لاہور پر حملہ ناکام، 150 بھارتی فوجی ہلاک

اس کے علاوہ پاک فوج نے گدرو سیکٹر میں بھارتی چوکی پر قبضہ کر لیا، جہاں دشمن اپنے تمام ہتھیار اور آلات چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ راجوڑی سیکٹر میں مجاہدین کے حملے میں 21 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

آبدوز غازی معمول کی مرمت کے بعد سمندر میں واپسی کے لیے تیار ہو گئی۔ پاک فضائیہ نے سرینگر، آدم پور، جودھ پور، ہلواڑہ اور پٹھان کوٹ کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا اور بھارتی کینبرا بمبار طیارے کو مار گرایا۔

مجموعی طور پر سیالکوٹ، جموں، واہگہ، اٹاری اور گدرو سیکٹر میں بھارت کے 22 ٹینک اور 51 گاڑیاں اور گن پوزیشنز تباہ کر دی گئیں۔

اس قومی جذبے کے تحت راولپنڈی میں خواتین نے اسپتالوں میں زخمیوں کی دیکھ بھال کے لیے اپنی خدمات پیش کیں جبکہ بڑی تعداد میں سابق فوجیوں نے بھی افواج پاکستان کے ساتھ مل کر خدمات پیش کرنے کا اعلان کیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔