اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

جرمنی کا EU بلیو کارڈ: پاکستانیوں کے لیے ملازمت اور مستقل رہائش کا موقع

15 ستمبر, 2026 09:22

اسلام آباد: اعلیٰ تعلیم یافتہ، ہنرمند اور پیشہ ور پاکستانیوں کے لیے جرمنی میں ملازمت اور مستقبل میں مستقل رہائش حاصل کرنے کا اہم موقع سامنے آیا ہے۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پاکستان نے جرمنی کے EU بلیو کارڈ پروگرام سے متعلق اہلیت اور دیگر اہم شرائط جاری کر دی ہیں۔

EU بلیو کارڈ ایک خصوصی رہائشی اجازت نامہ ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی ماہرین کو جرمنی میں قانونی اور باقاعدہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

تعلیمی اہلیت کیا ہوگی؟

EU بلیو کارڈ کے لیے درخواست دہندہ کے پاس جرمنی کی تسلیم شدہ ڈگری یا اس کے مساوی غیر ملکی ڈگری ہونا ضروری ہے۔

جرمن معیار کے مطابق ISCED 2011 یا یورپی کوالیفیکیشن فریم ورک (EQF) لیول 6 کے مساوی ماسٹر کرافٹس مین یا ووکیشنل ایجوکیٹر کی تربیت بھی بعض صورتوں میں قابلِ قبول ہوگی۔

آئی ٹی ماہرین کے لیے خصوصی سہولت

آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے تعلیمی ڈگری کی شرط میں خصوصی رعایت موجود ہے۔ ایسے آئی ٹی ماہرین جن کے پاس رسمی یونیورسٹی ڈگری نہیں، لیکن گزشتہ سات سالوں میں کم از کم تین سال کا متعلقہ پیشہ ورانہ تجربہ موجود ہے، وہ بھی مقررہ شرائط پوری کرنے کی صورت میں EU بلیو کارڈ کے لیے اہل ہو سکتے ہیں۔

اس کے لیے مناسب تنخواہ والی ملازمت کی پیشکش بھی ضروری ہوگی۔

ملازمت کی پیشکش لازمی

درخواست دہندہ کے پاس جرمنی میں کم از کم چھ ماہ کی مدت کے لیے متعلقہ شعبے میں باقاعدہ ملازمت کی پیشکش (Job Offer) ہونا ضروری ہے۔

2026 میں تنخواہ کی کم از کم حد

سال 2026 کے لیے EU بلیو کارڈ کے تحت عمومی کم از کم مجموعی سالانہ تنخواہ 50,700 یورو مقرر کی گئی ہے۔

شارٹیج شعبوں، شدید افرادی قوت کی کمی والے شعبوں اور گزشتہ تین سال کے دوران اپنی تعلیم مکمل کرنے والے نئے گریجویٹس کے لیے کم از کم سالانہ تنخواہ کی حد 45,934.20 یورو رکھی گئی ہے۔ بعض معاملات میں فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کی منظوری بھی درکار ہو سکتی ہے۔

بلیو کارڈ کی مدت

EU بلیو کارڈ ملازمت کے معاہدے کی مدت کے مطابق جاری کیا جاتا ہے، جس میں مزید تین ماہ شامل کیے جاتے ہیں۔ اس کی زیادہ سے زیادہ مدت چار سال تک ہو سکتی ہے، جبکہ مقررہ شرائط پوری ہونے پر اسے مزید توسیع بھی دی جا سکتی ہے۔

مستقل رہائش کا راستہ

EU بلیو کارڈ رکھنے والے افراد مقررہ شرائط پوری کرنے کے بعد جرمنی میں مستقل رہائش (Permanent Residence) کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اگر درخواست دہندہ جرمن زبان کی A1 سطح کی مہارت حاصل کر لے تو 27 ماہ بعد مستقل رہائش کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے، جبکہ B1 سطح کی جرمن زبان جاننے والے افراد کے لیے یہ مدت کم ہو کر 21 ماہ رہ جاتی ہے۔

EU بلیو کارڈ ہولڈرز کو مقررہ شرائط کے تحت اپنے اہل خانہ کو جرمنی بلانے کی سہولت بھی حاصل ہوتی ہے۔ اس خاندانی ملاپ کی سہولت سے بیرونِ ملک ملازمت اختیار کرنے والے ماہرین کے لیے جرمنی میں طویل مدتی قیام اور خاندانی زندگی کو بہتر انداز میں منظم کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔