نادرا میں خواتین کے لیے 26 ملازمتوں کا اعلان، واک اِن ٹیسٹ اور انٹرویوز کا شیڈول جاری

NADRA Introduces Free Facility For Citizens
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پنجاب کے 8 اضلاع سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے جونیئر ایگزیکٹو (ڈیٹا انٹری آپریٹر) کی 26 آسامیوں کا اعلان کردیا ہے۔
نادرا کے مطابق ان آسامیوں کے لیے واک اِن ٹیسٹ اور انٹرویوز سرگودھا میں منعقد ہوں گے۔ بھرتی کا عمل فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، حافظ آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے ہوگا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف وہ امیدوار ٹیسٹ میں شرکت کی اہل ہوں گی جن کے شناختی کارڈ یا ڈومیسائل پر متعلقہ ضلع کا پتہ درج ہوگا۔
تعلیمی قابلیت اور عمر کی حد
جونیئر ایگزیکٹو کی آسامیوں کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ یا مساوی مقرر کی گئی ہے۔ متعلقہ شعبے میں کم از کم ایک سال کا تجربہ رکھنے والی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔
امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 25 سال ہونی چاہیے، جس میں پانچ سال کی عمومی عمر میں رعایت پہلے ہی شامل ہے۔ اس لیے مزید عمر کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
نادرا نے اقلیتی برادری اور معذور خواتین کو بھی بھرتی کے عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دی ہے۔
ضلع وار آسامیوں کی تفصیلات
فیصل آباد: ستیانہ، امین پور اور رام دیوالی — 3 آسامیاں
چنیوٹ: احمد نگر — 2 آسامیاں
جھنگ: 18 ہزاری اور شورکوٹ — 2 آسامیاں
حافظ آباد: کسوکی، ونیکے تارڑ، کالیکی، جلال پور بھٹیاں اور سکھیکی — 5 آسامیاں
سرگودھا: کوٹ مومن، فاروقہ، سی ایف ایس سی اور سلانوالی — 5 آسامیاں
میانوالی: کوٹ چاندنہ، میانوالی، چکرالہ اور بن حافظ جی — 4 آسامیاں
خوشاب: جوہرآباد — 1 آسامی
بھکر: مٹھا ٹوانہ، بہل، دلے والا اور منکیرہ — 4 آسامیاں
ٹیسٹ اور انٹرویو کا شیڈول
نادرا کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق فیصل آباد، چنیوٹ اور جھنگ سے تعلق رکھنے والی امیدواروں کے ٹیسٹ 29 ستمبر 2026 جبکہ انٹرویوز 30 ستمبر 2026 کو ہوں گے۔
حافظ آباد اور سرگودھا کی امیدواروں کے ٹیسٹ 30 ستمبر اور انٹرویوز یکم اکتوبر 2026 کو منعقد ہوں گے۔
میانوالی، خوشاب اور بھکر کی امیدواروں کے ٹیسٹ یکم اکتوبر جبکہ انٹرویوز 2 اکتوبر 2026 کو ہوں گے۔
ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشن صبح 8:30 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوگی، جبکہ انٹرویوز مقررہ تاریخ پر صبح 9 بجے شروع ہوں گے۔
تمام ٹیسٹ اور انٹرویوز نادرا کے ریجنل ہیڈ آفس، 6-گلشن ایونیو، لنک پی اے ایف روڈ، سرگودھا میں منعقد کیے جائیں گے۔
ضروری دستاویزات
امیدواروں کو ٹیسٹ کے روز اپنے اصل ذاتی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والی امیدواروں کے لیے این او سی پیش کرنا ضروری ہوگا۔
انٹرویو کے وقت متعلقہ تعلیمی بورڈز سے تصدیق شدہ اسناد پیش کرنا ہوں گی، جبکہ منتخب امیدواروں کو بعد میں میڈیکل فٹنس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا۔
نادرا کے مطابق کسی بھی مرحلے پر غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں امیدوار کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔
ٹیسٹ کے لیے اہم ہدایت
صرف وہی امیدوار انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ ہوں گی جو تحریری ٹیسٹ کامیابی سے پاس کریں گی۔ امیدوار مزید معلومات اور نمونہ ٹیسٹ کے لیے نادرا کے کیریئرز پورٹل کے ڈاؤن لوڈز سیکشن سے رجوع کر سکتی ہیں۔
نادرا کی جانب سے خواتین کے لیے مقامی سطح پر ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے اقدام کو خواتین کی معاشی خودمختاری اور نادرا مراکز پر خواتین شہریوں کے لیے خدمات کو مزید آسان بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
خواتین عملے کی تعداد میں اضافے سے بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوں میں خواتین کے لیے شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات حاصل کرنے میں سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










