کراچی : سرجانی ٹاؤن میں چار افراد کے قتل کا معمہ حل، مقتولہ کے شوہر کا بہنوئی قاتل نکلا

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ماں اور بچوں کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل ہو گیا، پولیس نے مقتولہ کے شوہر کے بہنوئی اور مرکزی ملزم ہمایوں کو حراست میں لے لیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سرجانی ٹاؤن میں ماں اور بچوں کے قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے اور قتل میں مقتولہ کے شوہر کا بہنوئی ہمایوں ملوث نکلا ہے۔ پولیس نے ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔ ملزم نیو کراچی کا رہائشی ہے اور ڈیڑھ سال قبل مقتولہ کے گھر کرائے دار تھا۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ ملزم ہمایوں واقعے کے دن ڈھائی بجے ان کے گھر آیا تھا۔ دلخراش واقعے میں تین بچوں اور والدہ کی شہادت ہوئی تھی۔ ملزم غلط نیت سے خاتون پر نظر رکھتا تھا۔ مقتولہ کا شوہر لکی ون میں ملازمت کرتا ہے، اس کی غیر موجودگی میں ملزم گھر آیا۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی: سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور 3 بچوں کے قتل کا مقدمہ درج، پوسٹ مارٹم مکمل
عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ ملزم وقوعہ والے روز گھر آیا تو مقتولہ نے اسے چائے پلائی اور کچھ دیر بعد ملزم نے مقتولہ کو ضروری سامان بازار سے واپس لاکر دیا۔ جب ملزم نے زبردستی کی کوشش کی تو خاتون نے شدید مزاحمت کی، جس پر ملزم نے لوہے کی راڈ سے پہلے خاتون کا قتل کیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اس دوران 18 ماہ کی بچی تو رہی تھی تو ملزم نے اس کا سر دیوار میں دے مارا۔ بچے جو مدرسے گئے ہوئے تھے وہ گھر آئے تو ماں کو دیکھ کر رونے لگے، جنہیں بھی ملزم نے اسی لوہے کی راڈ سے قتل کر دیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے کہا کہ ملزم نے واش روم میں خود کو واش کیا، آلہ قتل دھویا اور جائے وقوعہ بھی صاف کیا۔ ملزم ڈیڑھ بجے سے 6 بجے شام تک گھر میں رہا اور وہاں سے نکل کر اپنے گھر گیا، جہاں اسے واقعے کی اطلاع ملی تو وہ انجان بن کر واپس آیا اور پولیس کی موومنٹ پر نظر رکھی۔
عرفان بلوچ نے کہا کہ پولیس نے پروفیشنل طریقے سے کیس پر کام کرتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا۔ ملزم نے اعترافِ جرم کر لیا ہے اور آلہ قتل نالے سے برآمد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ملزم کی گرفتاری پر ڈی آئی جی، ایس ایس پی ویسٹ اور پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنگین واردات کے ملزم کی گرفتاری پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر تفتیش کا نتیجہ ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












