پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام: پلاسٹک بوتلوں سے لے کر ای بائیک تک، شہری کیسے رقم حاصل کرسکتے ہیں؟

Interest-Free Loans Announced for Businesses
پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے شہریوں کے لیے گرین کریڈٹ پروگرام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت مختلف ماحول دوست اقدامات کرنے والے افراد کو مالی مراعات دی جائیں گی۔
حکومت کے مطابق اس پروگرام کا مقصد شہریوں کو ماحول کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ اس کے تحت پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرنے، الیکٹرک بائیک یا اسکوٹی استعمال کرنے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرنے، درخت لگانے اور سائیکل چلانے سمیت مختلف ماحول دوست سرگرمیوں پر گرین کریڈٹ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
پروگرام کے تحت ایک کلو خالی پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرانے پر 2500 روپے تک حاصل کیے جا سکتے ہیں، جبکہ ایک شہری زیادہ سے زیادہ چار کلو پلاسٹک کی بوتلیں جمع کرا سکتا ہے۔ اس طرح مقررہ مقدار مکمل ہونے کی صورت میں مجموعی طور پر 10 ہزار روپے تک حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
الیکٹرک بائیک یا اسکوٹی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے بھی مالی مراعات رکھی گئی ہیں۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ای بائیک کی خریداری پر 50 ہزار روپے جبکہ اسے 6000 کلومیٹر تک چلانے کے بعد مزید 50 ہزار روپے دیے جائیں گے، یعنی مجموعی رقم ایک لاکھ روپے تک ہو سکتی ہے۔
پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام میں ماحول دوست سرگرمیوں کے دیگر مواقع بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کی اطلاع دینا، بارش کے پانی کو محفوظ بنانا، 10 پودے لگانا اور سائیکل کا استعمال سمیت مجموعی طور پر 38 ماحول دوست اقدامات شامل ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے شہریوں کو ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ مالی فائدہ حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












