تحریک انصاف کے پارلیمنٹیرینز، رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں قابلِ مذمت ہیں، علی ظفر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں، ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کی گرفتاریوں پر پارٹی رہنما اور سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سیاسی کشیدگی میں اضافے کا باعث قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں علی ظفر نے کہا کہ لاہور سے شایان بشیر اور اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی میاں غوث سمیت پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز، کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریاں قابلِ مذمت ہیں۔ ان کے مطابق یہ گرفتاریاں 27 ستمبر کے احتجاج کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کے لیے پُرامن احتجاج اور اپنے سیاسی قائد کی حمایت میں آواز اٹھانا سیاسی جماعت اور اس کے کارکنوں کا آئینی و قانونی حق ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پُرامن احتجاج کو روکنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیاسی معاملات کو عوام کی آواز دبانے کے بجائے آئینی اور جمہوری طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ احتجاج سے قبل پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور چھاپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی مقدمات زیرِ سماعت رہے ہیں۔
دریں اثنا، 21 ستمبر کو اسلام آباد کے ریڈ زون سے پی ٹی آئی کے پانچ ارکانِ پارلیمنٹ کی گرفتاری کی بھی رپورٹ سامنے آئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









