بدھ، 23-ستمبر،2026
بدھ 1448/04/12هـ (23-09-2026م)

پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں ریکارڈ اضافہ، 3 ہفتوں میں 6 لاکھ 65 ہزار سے زائد لائسنس جاری

23 ستمبر, 2026 10:43

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران گزشتہ تین ہفتوں میں لائسنس جاری کرنے کی شرح میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس عرصے کے دوران پنجاب بھر میں 6 لاکھ 65 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ لاہور میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زیادہ شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں میں 3 لاکھ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس بنوائے، جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ افراد کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔

اسی عرصے کے دوران ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد نے گمشدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب میں 3 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے جبکہ 2 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھایا۔

اعداد و شمار کے مطابق 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے ای ڈرائیونگ لائسنس بھی ڈاؤن لوڈ کیے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور ایسے افراد کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں شہریوں کو باقاعدہ تربیت حاصل کرکے گاڑی چلانے کی ترغیب دی جارہی ہے، جبکہ سیکھ کر ڈرائیونگ کرنے کے رجحان کے باعث صوبے میں ٹریفک حادثات میں 32 فیصد کمی آئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔