ایرانی حکومت اب کونے سے لگی محصور قوت بن چکی ہے، گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے، امریکی وزیر خزانہ

امریکی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ عسکری، معاشی اور مالیاتی دباؤ کی مربوط حکمت عملی کے نفاذ کے بعد اب ایرانی حکومت ایک کونے سے لگی ہوئی محصور قوت کی طرح بن چکی ہے، اسے جلد گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا جائے گا۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے فاکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں ایران کے خلاف جاری سخت ترین معاشی اقدامات کا تفصیل سے دفاع کیا اور کہا کہ واشنگٹن نے تہران پر دباؤ بڑھانے کے لیے ایک منفرد اور منظم ترتیب وار حکمت عملی اپنائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے اس سے پہلے کبھی ایسی حکمت عملی نہیں دیکھی، جس کے تحت پہلے چھ ہفتوں تک عسکری سرگرمیاں جاری رکھی گئیں، اس کے بعد سخت بحری ناکہ بندی کی گئی اور اب ایران کے مالیاتی نظام کی آکسیجن کو کاٹنے کے لیے بے مثال پابندیوں کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا کہ اس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ اب تہران کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ ایک ہفتے، ایک مہینے یا دو مہینے میں ہتھیار ڈالتا ہے یا نہیں۔ ایرانی حکومت اب کونے سے لگی محصور قوت بن چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بیرونی دباؤ یا حملے ایران کا جوہری پروگرام نہیں روک سکتے، ایرانی حکام
انہوں نے کہا کہ اس حکمت عملی کے تین بنیادی اہداف ہیں؛ پہلا یہ کہ ایرانی حکومت خود اپنے خلاف اندرونی طور پر کھڑی ہو جائے، دوسرا یہ کہ ایرانی عوام خود ایک بڑا انقلاب یا بغاوت برپا کر دیں، اور تیسرا یہ کہ اگر ایران کوئی نیا معاہدہ کرنا چاہتا ہے تو اس بار وہ اس پر سختی سے کاربند رہے۔
انہوں نے کہا کہ 3 جون کو بھی ایک مفاہمت کی یادداشت کی کوشش کی گئی تھی، لیکن چند ہفتوں کے اندر ایرانیوں نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر گولہ باری شروع کر دی تھی اور انتہائی جارحانہ رویہ اپنایا تھا۔ انہوں نے اس بار دوٹوک الفاظ میں گارنٹی دی کہ اگر اب کوئی معاہدہ ہوا تو ایران اس کی مکمل پاسداری کرے گا۔
اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کے تحت ایران کو اس طرح ڈیل کیا جا رہا ہے، جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرونی پروازیں، جو غالباً اسی سے نوے فیصد تک بنتی ہیں، مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں، یہاں تک کہ انہیں خود یہ معلوم نہیں کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے والا ایرانی وفد اس پابندیوں کے ماحول میں اپنے وطن واپس کیسے جائے گا۔
امریکی وزیر خزانہ نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ دنیا بھر میں جو بھی مالیاتی ادارے، تاجر یا سپلائرز ایران کو سامان یا مدد فراہم کر رہے ہیں، واشنگٹن ان کے بارے میں سب کچھ جانتا ہے اور وہ ان کے بینک اکاؤنٹس اور کمپنیوں کو ہر ہفتے اور ہر روز قانونی کارروائی اور قانونی شکنجے کا نشانہ بناتا رہے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












