جمعہ، 25-ستمبر،2026
جمعہ 1448/04/14هـ (25-09-2026م)

عالمی مسائل کا حل چین اور امریکہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، چینی صدر کا وائٹ ہاؤس میں خطاب

25 ستمبر, 2026 09:23

چینی صدر شی جن پنگ کا وائٹ ہاؤس میں انتہائی پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تفصیلی گفتگو کی۔

نیویارک اور واشنگٹن میں ہونے والی اس انتہائی اہم ملاقات کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ انہیں امریکہ کے سرکاری دورے پر آ کر بے حد خوشی ہوئی ہے اور انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی شاندار میزبانی پر دلی شکریہ ادا کیا۔

شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور امریکہ دنیا کی دو بڑی طاقتیں ہیں اور ان پر یہ تاریخی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انسانی ترقی کو صحیح سمت میں آگے بڑھائیں۔

چینی صدر نے یاد دلایا کہ رواں سال جب صدر ٹرمپ نے چین کا دورہ کیا تھا تو دونوں صدور نے باہمی اتفاقِ رائے سے چین اور امریکہ کے مابین تعمیری تزویراتی استحکام پر مبنی تعلقات کی بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، جسے عالمی برادری اور دونوں ممالک کے عوام نے بے حد سراہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ میں چینی صدر کا غیر معمولی سفارتی پروٹوکول کے ساتھ شاندار استقبال، توپوں کی سلامی اور فلائی پاسٹ

انہوں نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر ان تعلقات کو ایک پائیدار اور مستحکم انداز میں آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ چینی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فریقین کو اپنے باہمی اختلافات میں کمی لانی چاہیے، فہم و فراست کو فروغ دینا چاہیے اور باہمی اعتماد کو مضبوط کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ خارجہ، معاشی، مالیاتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوامی و ثقافتی سطح پر رابطوں کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین اور امریکہ کے مفادات ایک دوسرے کے ساتھ گہرائی سے پیوست ہیں اور تعاون کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ اگرچہ دنیا کے تمام مسائل اکیلے چین اور امریکہ کا تعاون حل نہیں کر سکتا، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ان دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے بغیر دنیا کے بیشتر مسائل کا حل ناممکن ہے۔

اس موقع پر چینی صدر نے اعلان کیا کہ چین کے دروازے کھلے ہیں اور امریکی کمپنیوں کو وہاں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس ٹیکنالوجی کی بڑی طاقتیں ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ یہ انسانیت کے کنٹرول میں رہے اور عوامی فلاح کے لیے کام آئے۔

اس کے علاوہ، چین نے آئندہ پانچ برسوں میں ایک لاکھ امریکی نوجوانوں کو تعلیم و تربیت اور تبادلے کے پروگرام کے تحت چین لانے کا اعلان کیا اور یہ خوشخبری بھی سنائی کہ پانڈا پنگ پنگ اور فو شوانگ جلد ہی اٹلانٹا چڑیا گھر میں امریکی عوام کو دیکھنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔