جمعہ، 25-ستمبر،2026
جمعہ 1448/04/14هـ (25-09-2026م)

عالمی برادری کس سانحے کا انتظار کر رہی ہے؟ اسرائیل کی پالیسیاں فلسطینیوں کے وجود کیلئے خطرہ ہیں، محمود عباس

25 ستمبر, 2026 09:31

فلسطین کے صدر نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی ظالمانہ پالیسیاں نہ صرف دو ریاستی حل کو نیست و نابود کر رہی ہیں بلکہ اب فلسطینی عوام کے اصل وجود اور بقا کو بھی خطرے میں ڈال چکی ہیں۔

امریکہ کی جانب سے داخلے کا ویزا جاری نہ کیے جانے کی غیر قانونی اور تعزیراتی پابندی کے باعث، فلسطینی صدر محمود عباس کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں اپنے دفتر سے ویڈیو لنک کے ذریعے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرنا پڑا۔

انہوں نے اپنے پہلے سے ریکارڈ شدہ خطاب میں عالمی برادری سے سوال کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے اب مزید کس سانحے کا انتظار کر رہی ہے؟

انہوں نے واضح کیا کہ غزہ میں جاری تین سالہ جنگ کے بعد فلسطینی اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین اور خطرناک ترین دور سے گزر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی اقدامات فلسطینیوں کی نسل کشی ہے، ہسپانوی وزیر اعظم

انہوں نے امریکی انتظامیہ کی طرف سے وفد کو روکنے کے اقدام کو میزبان ملک کے طور پر عالمی فرائض کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

صدر محمود عباس نے زور دے کر کہا کہ اسرائیلی افواج غزہ میں نسل کش جنگ کے ذریعے فلسطینیوں کی زندگی اور ہستی کو مکمل طور پر مٹانے پر تلی ہوئی ہیں۔ محلے، شہر، پناہ گزین کیمپ، ادارے، اسکول، یونیورسٹیاں، اسپتال، مساجد اور گرجے سب تباہ کر دیے گئے ہیں اور آنے والی نسلوں کا مستقبل تاریک کیا جا رہا ہے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع کو ایک خطرناک نوآبادیاتی منصوبہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر حقائق کو بدلا جا رہا ہے، جو عالمی قانون کے سراسر منافی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس سرزمین کو بچانے کے لیے فوری عملی اقدامات کرے جہاں آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عبوری دور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ غزہ اور مغربی کنارے کو ایک واحد فلسطینی ریاست کے تحت یکجا کیا جائے، جس کی ایک ہی قانونی مسلح فورس ہو۔

داخلی سطح پر انہوں نے اعلان کیا کہ تمام تر شکوک و شبہات کے باوجود بیس سالوں میں پہلی بار اٹھائیس نومبر کو فلسطینی قانون ساز انتخابات منعقد کیے جائیں گے، کیونکہ وہ تمام قومی اصلاحاتی پروگرام مکمل کر چکے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔