فرانس کا سعودی عرب کی تیل تنصیبات کی حفاظت کے لیے فوج بھیجنے کا اعلان

فرانسیسی صدر نے اعلان کیا ہے کہ فرانس سعودی عرب کی ایک بڑی تیل برآمدی تنصیب کی حفاظت کے لیے اپنے فوجی دستے اور دفاعی سازوسامان تعینات کرے گا۔
ایک انٹرویو میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بتایا کہ فرانس نے سعودی عرب کے ساتھ حتمی مذاکرات کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیے ہیں، جن کا مقصد بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ینبع کے اہم ترین انرجی ایکسپورٹ کمپلیکس کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے، جو حال ہی میں حوثی حملے کے نتیجے میں نقصان کا شکار ہوا تھا۔
میکرون نے اس بات پر زور دیا کہ فرانس وہاں کسی جنگ یا تنازع کا حصہ بننے کے لیے نہیں جا رہا، بلکہ اس تنصیب اور توانائی کے اہم بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کے لیے فوجی اہلکار، ریڈار سسٹمز اور جدید دفاعی نظام روانہ کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدوں پر من و عن عمل کرے گا، امریکی وزیر خارجہ
فرانسیسی صدر نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ یہ تنصیب یومیہ 5 ملین یعنی پچاس لاکھ سے زائد بیرل تیل کی ترسیل کی صلاحیت رکھتی ہے اور خطے میں اس قسم کے توانائی کے مراکز کا تحفظ دراصل عالمی سطح پر ایندھن اور تیل کی سپلائی میں کسی بھی قسم کے بڑے بحران اور تعطل کو روکنے کی وسیع تر عالمی کوششوں کا لازمی حصہ ہے۔
یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں پھیلتی ہوئی کشیدگی اور تنازعات کے پیش نظر فرانس پہلے ہی اس خطے میں اپنی عسکری موجودگی کو کافی حد تک بڑھا چکا ہے، جس کے تحت متحدہ عرب امارات میں رافیل جنگی طیارے اور بحیرہ روم میں دنیا کا مشہور ایٹمی طاقت سے چلنے والا طیارہ بردار بحری جہاز بھی پہلے ہی تعینات کیا جا چکا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










