اگر ایران پر حملہ نہ کرتے تو ہم مر چکے ہوتے، نیتن یاہو کا اقوام متحدہ میں جارحانہ خطاب، ناقدین پر شدید تنقید

اسرائیلی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے جارحانہ خطاب میں ایران، غزہ اور مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی کارروائیوں کا پرزور دفاع کیا اور ناقدین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں جب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو تقریر کرنے کے لیے اسٹیج پر پہنچے تو ہال میں موجود درجنوں مندوبین احتجاجاً واک آؤٹ کر کے باہر چلے گئے۔
اس احتجاج پر طنز کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ اگر ہال میں کوئی اور بھی اخلاقی بزدل موجود ہے، جس نے اب تک ہال نہیں چھوڑا، تو وہ ابھی باہر چلا جائے۔
انہوں نے بڑے متکبرانہ انداز میں اعلان کیا کہ اسرائیل یہ جنگ ہر صورت جیتے گا کیونکہ ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
نیتن یاہو نے غزہ میں نسل کشی کے الزامات کو مسترد کیا، جبکہ اس سے چند گھنٹے قبل فلسطینی صدر محمود عباس نے اپنے ویڈیو پیغام میں خبردار کیا تھا کہ اسرائیل کی غیر قانونی پالیسیاں فلسطینیوں کے وجود کو مٹانے پر تلی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی برادری کس سانحے کا انتظار کر رہی ہے؟ اسرائیل کی پالیسیاں فلسطینیوں کے وجود کیلئے خطرہ ہیں، محمود عباس
نیتن یاہو، جو کہ مبینہ جنگی جرائم کی وجہ سے عالمی فوجداری عدالت کے گرفتاری کے وارنٹ کی زد میں ہیں، نے ان تمام ممالک اور رہنماؤں پر شدید زبانی حملے کیے، جنہوں نے اسرائیل کی پالیسیوں پر نکتہ چینی کی تھی۔
انہوں نے برطانیہ اور فرانس کا نام لیتے ہوئے طنز کیا کہ وہ ہم پر نوآبادیات کا الزام لگاتے ہیں، حالانکہ درحقیقت اس اصطلاح کو ایجاد کرنے والے خود یہی ممالک ہیں۔
انہوں نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو ظالم قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ حماس کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ نیویارک کے بائیں بازو کے مئیر زہران ممدانی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور فروری میں تہران کے خلاف کیے گئے مشترکہ فضائی حملوں کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگر ہم نے ایران پر وہ حملہ نہ کیا ہوتا تو ہم سب مر چکے ہوتے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایرانی حکومت کا خاتمہ اب صرف وقت کی بات ہے اور ایک دن وہاں کے لوگ آزاد ہوں گے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











