جمعہ، 25-ستمبر،2026
جمعہ 1448/04/14هـ (25-09-2026م)

سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کا حوثی حملوں کے پیش نظر ہنگامی فوجی اجلاس کا فیصلہ

25 ستمبر, 2026 11:35

سعودی عرب پر ہونے والے حوثی حملوں کے بعد صورتحال سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے عسکری حکام نے ایک ہنگامی فوجی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سعودی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے چیفس آف اسٹاف مملکت پر حالیہ حوثی حملوں کے بعد ایک فوری اور ہنگامی فوجی اجلاس کی تیاری کر رہے ہیں۔

یہ مجوزہ مذاکرات مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کا حصہ ہیں، جس کے تحت کسی بھی فریق پر حملہ تمام فریقوں پر حملہ تصور کیا جاتا ہے۔

یہ اعلان نیویارک میں اقوام متحدہ میں سعودی مستقل مشن میں ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کے بعد سامنے آیا، جہاں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں : فرانس کا سعودی عرب کی تیل تنصیبات کی حفاظت کے لیے فوج بھیجنے کا اعلان

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں وزراء نے مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کی شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے سعودی مسلح افواج کی مستعدی کی تعریف کی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل اکاون کے تحت مملکت کے اپنے دفاع کے حق کا اعادہ کیا۔

اس کے علاوہ وزراء نے علاقائی استحکام، عالمی قانون، اچھے ہمسایہ تعلقات اور سمندری جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا اور کشیدگی میں کمی اور پرامن حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔