جمعہ، 25-ستمبر،2026
جمعہ 1448/04/14هـ (25-09-2026م)

سندھ حکومت کا جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے سائبر کرائم ایجنسی سے مدد لینے کا فیصلہ

25 ستمبر, 2026 15:25

سندھ حکومت نے جعلی خبروں اور جھوٹی اطلاعات کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران صوبے میں پھیلائی جانے والی جھوٹی، من گھڑت اور گمراہ کن اطلاعات کا سختی سے نوٹس لیا گیا اور یہ طے کیا گیا کہ جعلی خبروں کے ذریعے کسی بھی شخص کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ فیک نیوز اور جھوٹی خبروں کے تدارک کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے باضابطہ طور پر معاونت حاصل کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی بچوں کے لیے ڈیجیٹل کلاس رومز کا افتتاح کردیا

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر فیک نیوز کی روزانہ کی بنیاد پر سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور محکمہ اطلاعات میں اس مقصد کے لیے ایک انتہائی مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے گا۔

محکمہ اطلاعات اور این سی سی آئی اے کے درمیان باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ جھوٹی خبریں پھیلانے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

شرجیل میمن نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ حکومت کا بنیادی بیانیہ امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر مبنی ہے اور اس مثبت بیانیے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ سے مکمل استفادہ کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندوں کو سندھ حکومت کے بیانیے کا حصہ بنایا جائے تاکہ فیک نیوز کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ایک مثبت اور تعمیری بیانیے کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔