یو اے ای میں بڑی ملازمتوں کا موقع، ایرو اسپیس کمپنی کو 1000 سے زائد ٹیکنیشنز درکار

متحدہ عرب امارات میں ایوی ایشن کے شعبے سے وابستہ ہنرمند افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جہاں ابوظہبی کی ایرو اسپیس کمپنی سناد کو اپنے نئے منصوبے کے لیے ایک ہزار سے زائد تکنیکی ماہرین درکار ہوں گے۔
سناد العین میں جی ٹی ایف انجن مینٹیننس سینٹر قائم کررہی ہے، جس کے مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد بڑی تعداد میں تکنیکی ماہرین کی ضرورت ہوگی۔ کمپنی کا منصوبہ ہے کہ اس افرادی قوت کا بڑا حصہ متحدہ عرب امارات میں ہی تربیت اور تیار کیا جائے۔
کمپنی یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری، خصوصی ٹرینی پروگرامز اور آن دی جاب ٹریننگ کے ذریعے مقامی ہنرمند افراد کو تیار کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
سناد کے گروپ چیف فنانشل آفیسر اور ایس وی پی، اثاثہ جات مینجمنٹ ڈویژن، کاشیش کوہلی کے مطابق عالمی سطح پر ایوی ایشن کے شعبے کو ہنرمند کارکنوں کی کمی کا سامنا ہے۔ اسی لیے کمپنی صرف بیرون ملک سے ماہرین بھرتی کرنے کے بجائے مقامی ٹیلنٹ تیار کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق مستقبل میں یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کے ذریعے ایسے نوجوانوں کو تیار کیا جائے گا جو ایوی ایشن اور انجن مینٹیننس کے شعبے میں تکنیکی اور انتظامی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔
2026 کی پہلی ششماہی میں سناد کی مجموعی افرادی قوت میں 44 فیصد اضافہ ہوا اور ملازمین کی تعداد 898 تک پہنچ گئی۔ اسی عرصے میں اماراتائزیشن کی شرح 36.9 فیصد رہی جبکہ سینئر قیادت میں یو اے ای کے شہریوں کی نمائندگی 51.6 فیصد تک پہنچ گئی۔
العین میں قائم کیا جانے والا جی ٹی ایف انجن مینٹیننس، ریپیئر اینڈ اوورہال مرکز 64 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر مشتمل ہوگا اور اس کے 2028 کے آخر تک فعال ہونے کا منصوبہ ہے۔
سناد کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے ایوی ایشن انجنز کی مینٹیننس اور دیگر متعلقہ خدمات کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ کمپنی عالمی سطح پر ایئر لائنز کو بروقت خدمات فراہم کرنے کے لیے مرمت، ٹیسٹنگ اور دیگر تکنیکی صلاحیتوں کو بھی وسعت دے رہی ہے۔
ایوی ایشن کے شعبے میں عالمی فضائی بیڑے میں متوقع اضافے کے پیش نظر انجن مینٹیننس اور مرمت کی سہولیات کی طلب میں بھی اضافے کی توقع کی جارہی ہے، جس کے نتیجے میں تکنیکی مہارت رکھنے والے افراد کے لیے روزگار کے نئے راستے پیدا ہوسکتے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









