کراچی میں بڑا گرینڈ خدمت مرکز بنانے کا فیصلہ، محسن نقوی کی 10 روز میں ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں وفاقی وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کی مختلف خدمات کو ایک ہی مقام پر فراہم کرنے کے لیے گرینڈ خدمت مرکز قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
محسن نقوی نے آئی آئی چندریگر روڈ پر وزارت داخلہ کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں مجوزہ گرینڈ خدمت مرکز کے منصوبے اور اس سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مرکز کا ماسٹر پلان 10 روز کے اندر تیار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ بناتے وقت شہریوں کی سہولت، اداروں کی ضروریات اور تمام ضروری انتظامات کو مدنظر رکھا جائے۔
مجوزہ گرینڈ خدمت مرکز میں وزارت داخلہ کے ماتحت مختلف اداروں کے کاؤنٹرز ایک ہی جگہ قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ شہری یہاں پاسپورٹ، شناختی کارڈ، اسلحہ لائسنس، مختلف این او سیز اور دیگر متعلقہ خدمات حاصل کرسکیں گے۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو مختلف سرکاری اداروں کے دفاتر کے درمیان جانے کی ضرورت کم کرنا اور متعدد خدمات تک ایک ہی مقام پر رسائی فراہم کرنا ہے۔
وزارت داخلہ کے ماتحت پاسپورٹ و امیگریشن، نادرا اور دیگر متعلقہ ادارے شہریوں کو مختلف نوعیت کی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ گرینڈ خدمت مرکز کے ذریعے ان سہولیات کو ایک مربوط نظام میں لانے کی کوشش کی جائے گی۔
محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو مرکز کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل بھی وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں کو پاسپورٹ اور شناختی دستاویزات کی سہولت ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جاتے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی میں عوامی مرکز پاسپورٹ آفس کا دورہ کرکے شہریوں سے سہولیات کے بارے میں براہ راست رائے بھی لی تھی جبکہ نادرا میگا سینٹرز کے دوروں کے دوران شناختی دستاویزات کے اجرا کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت داخلہ کے تحت اداروں میں جدید نظام متعارف کرانے اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لیے بھی اصلاحات پر کام جاری ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












