اکتوبر میں بارشیں بڑھنے کا امکان، بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا کیلئے اہم پیشگوئی

PMD Makes Major Karachi Weather Forecast
لاہور: محکمہ موسمیات نے اکتوبر کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے ایک اور سلسلے کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی آنے کا امکان ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق اکتوبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر اسلام آباد، راولپنڈی، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے نتیجے میں ان علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہوسکتا ہے جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان موجود ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم نسبتاً خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پنجاب میں رواں سال مون سون سیزن کے دوران مختلف علاقوں میں نمایاں بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی میں 1505 ملی میٹر، لاہور میں 1316 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 1256 ملی میٹر جبکہ گوجرانوالہ میں 1161 ملی میٹر بارش ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں کسی بڑے دریا میں وسیع پیمانے پر سیلاب کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی، تاہم شیخوپورہ کے نالوں میں طغیانی سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔
بارشوں اور سیلاب سے 83 موضع جات اور 43 ہزار 188 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا جبکہ 1215 مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کے دوران مختلف حادثات میں 65 افراد جاں بحق اور 382 زخمی ہوئے، جبکہ 224 مکانات اور 21 مویشی بھی متاثر ہوئے۔
ادارے کے مطابق دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی نگرانی جاری ہے اور صوبے کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ حکومتی پالیسی کے مطابق کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












