میر رضا کیس: پولیس افسران کو سوال نامے ارسال، جوابات بھی سیلڈ لفافوں میں لیے جائیں گے

کراچی: میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے تین پولیس افسران سے متعلق سوالات تیار کرکے انہیں سیلڈ لفافوں میں ایڈووکیٹ تجمل لودھی کے حوالے کردیا ہے۔
کمیشن کی جانب سے ایڈووکیٹ تجمل لودھی کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ سوال نامے متعلقہ پولیس افسران تک پہنچائیں۔ تینوں افسران کے لیے الگ الگ سوال نامے سیلڈ لفافوں میں حوالے کیے گئے ہیں۔
کمیشن کے مطابق سوال نامے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی آزاد خان، ڈی آئی جی شرقی فرخ لنجار اور عامر فاروقی کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
ایڈووکیٹ تجمل لودھی سوال نامے متعلقہ پولیس افسران تک پہنچانے کے بعد ان کے جوابات بھی اسی طریقہ کار کے تحت کمیشن تک پہنچائیں گے۔ پولیس افسران کی جانب سے اپنے جوابات سیلڈ لفافوں میں جمع کرائے جائیں گے۔
کمیشن نے فیصلہ کیا تھا کہ پولیس افسران کو ان کے عہدوں اور دفتر کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے ذاتی طور پر کمیشن کے سامنے طلب نہیں کیا جائے گا، بلکہ ان سے تحریری سوالات کے ذریعے معلومات حاصل کی جائیں گی۔
دوسری جانب میر رضا کے اہلخانہ کی جانب سے مذکورہ پولیس افسران کو کمیشن کے سامنے طلب کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی، تاہم کمیشن نے یہ درخواست مسترد کردی تھی۔
اب پولیس افسران کے جوابات موصول ہونے کے بعد کمیشن انہیں اپنی جاری تحقیقات کا حصہ بنائے گا اور کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے ان معلومات کو بھی زیر غور لایا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









