جمعہ، 2-اکتوبر،2026
جمعہ 1448/04/21هـ (02-10-2026م)

اندرونی خلفشار کو ختم کیے بغیر بیرونی دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا، مریم نواز

02 اکتوبر, 2026 15:02

مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی اور اندرونی سیکیورٹی کے لیے پالیسی کا تسلسل اور صوبائی سطح پر دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کرنا ناگزیر ہے، بیرونی دہشت گردی سے مقابلے کیلئے اندرونی خلفشار کو ختم  کرنا ضروری ہے۔

لاہور میں سینئر آفیسرز لیڈر شپ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو شکست دی اور جنگ میں بھرپور جواب دے کر دنیا بھر میں اپنا نیا تشخص اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر پالیسی کا تسلسل نہ ہو تو کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا، اس لیے سرکاری افسران کو ایمانداری اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گورننس اور کارکردگی بہتر نہ ہونے تک خطرہ برقرار رہے گا، اور اندرونی خلفشار کو ختم کیے بغیر بیرونی دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے شہری بدامنی اور مہنگائی پر صوبائی حکومت سے نالاں

خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کوئی درجہ بندی نہیں ہوتی اور وہ کہیں سے بھی آئے، دہشت گرد ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پنجاب میں سی ٹی ڈی بہترین کام کر رہی ہے، جس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں 70 فیصد کمی آئی ہے اور کچے کے علاقے میں ریاست کی رٹ بحال ہو چکی ہے۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبے اپنے الگ ملک بن چکے ہیں اور سب اپنے اپنے ایجنڈے پر بات کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ کا اصل کام عوام کی چھوٹی سے چھوٹی ضرورت کا خیال رکھنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔