جمعہ، 1-مئی،2026
جمعہ 1447/11/14هـ (01-05-2026م)

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کیلئے ایک اور بُری خبر آگئی

01 مئی, 2026 10:30

ڈیزل کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے اعلان کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث مال برداری کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال میں ٹرانسپورٹ چلانا مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ایک ٹرپ پر اخراجات میں تقریباً 2 لاکھ روپے تک اضافہ ہو چکا ہے، جس کے بعد کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرک اور ٹریلرز عام طور پر ایک ماہ میں چار چکر لگاتے ہیں، جس سے مجموعی لاگت میں 8 لاکھ روپے تک اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس صورتحال میں ٹرانسپورٹرز شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

ٹرانسپورٹ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، موٹروے چارجز اور ٹریفک چالان جیسے اخراجات بھی کاروبار پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔ کئی ٹرانسپورٹرز نے نقصان کے باعث اپنی گاڑیاں بند کر دی ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ریلیف دیا جائے، ورنہ ملک میں سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ ڈیزل پر لیوی بھی بڑھا دی گئی ہے جو اب 28 روپے 69 پیسے فی لیٹر ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔