امریکہ اور ایران میں فوجی ٹکراؤ کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہو گیا

خلیج میں امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی ٹکراؤ اور کویت و بحرین میں میزائل و ڈرون حملوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بدھ کی صبح سویرے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ تیزی مڈل ایسٹ میں امریکہ اور ایران کے درمیان شروع ہونے والی تازہ ترین فوجی جھڑپوں کے بعد پیدا ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے ایران کے قشم جزیرے پر کیے گئے حملوں اور پھر جواب میں ایران کی طرف سے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی ٹھکانوں کی طرف داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کی وجہ سے خطے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کویت میں امریکی افواج پر ایرانی ڈرونز کا نیا حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ
اس کے ساتھ ہی امریکہ اور ایران کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات میں کسی بھی قسم کی کامیابی یا بریک تھرو نہ ہونا بھی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ بنا ہے۔
اس فوجی ٹکراؤ کے باعث عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کے سودے 1.05 ڈالر یعنی 1.09 فیصد اضافے کے بعد 97.05 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 1.01 ڈالر یعنی 1.08 فیصد اضافے کے ساتھ 94.77 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر خلیج میں بحری راستوں اور سپلائی کو مزید خطرات لاحق ہوئے تو تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












