عوام کیلئے خوشخبری؛ وزیر اعلیٰ سندھ نے مفت سولر سسٹمز تقسیم کرنے کا اعلان کردیا

Free Solar Systems Announced
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے صوبے میں بڑے پیمانے پر سولر توانائی کے فروغ کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت 2 لاکھ 75 ہزار مفت سولر ہوم سسٹم تقسیم کرے گی۔ اس منصوبے کا مقصد غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں کو بجلی کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر تقریباً 18 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس سے پہلے بھی ہزاروں مستحق خاندانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اب اس پروگرام کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام شروع کر رہی ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف عوام کو سستی بجلی ملے گی بلکہ ماحول دوست توانائی کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ متوسط طبقے کے لیے رعایتی سولر فنانسنگ پروگرام متعارف کروایا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت ایسے خاندان جو مفت سولر سسٹم کے اہل نہیں ہوں گے، انہیں آسان شرائط اور کم لاگت پر سولر سسٹم حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق سندھ حکومت بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق صوبے کو قابل تجدید توانائی کا اہم مرکز بنانے پر کام کر رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت سندھ گرین ڈیٹا انفراسٹرکچر انیشیٹو بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے عالمی معیار کے ڈیٹا سینٹرز اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق سرمایہ کاری کو سندھ لانے کی کوشش کی جائے گی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











