جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

پاکستانی نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری!!! آمدنی بڑھانے کا نیا فارمولا سامنے آگیا

18 جولائی, 2026 11:03

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روزمرہ اخراجات میں اضافے نے لاکھوں افراد کو اضافی آمدنی کے ذرائع تلاش کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم امین نے کہا کہ موجودہ دور میں صرف ایک ذریعہ آمدنی پر انحصار کرنا مالی طور پر محفوظ حکمت عملی نہیں رہی۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ فری لانسنگ، ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائن، ویب ڈویلپمنٹ اور دیگر آن لائن اسکلز بھی سیکھیں۔ اس سے نہ صرف روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ اضافی آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے کے ساتھ مالی منصوبہ بندی بھی انتہائی ضروری ہے۔ اگر افراد اپنی آمدنی اور اخراجات کا باقاعدہ حساب رکھیں، غیر ضروری خرچ کم کریں اور بچت کی عادت اپنائیں تو وہ مالی دباؤ کو کافی حد تک کم کر سکتے ہیں۔

ابراہیم امین کے مطابق گزشتہ 11 ماہ کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے تقریباً 1.6 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک میں لایا، جس نے آئی ٹی برآمدات میں نمایاں کردار ادا کیا۔ یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان میں فری لانسنگ کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کا ایک مضبوط ذریعہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند سال پہلے پاکستانی فری لانسرز کو بیرون ملک کمپنیوں سے ادائیگیاں وصول کرنے میں کئی مشکلات پیش آتی تھیں۔ بینکنگ قوانین اور ادائیگی کے محدود ذرائع کی وجہ سے بہت سے نوجوان مشکلات کا شکار رہتے تھے۔ تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایک مقامی بینک کی مشترکہ کوششوں سے متعارف کروائے گئے نئے نظام نے ان مسائل میں نمایاں کمی کی ہے، جس سے فری لانسرز کو اپنی کمائی وصول کرنے میں آسانی ہوئی ہے۔

چیئرمین پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ 2022 میں ایسوسی ایشن کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ تقریباً 450 ملین ڈالر کی دستاویزی فری لانس برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے بعد اس شعبے میں مسلسل ترقی دیکھنے میں آئی اور سالانہ تقریباً 70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صرف چار برس کے دوران فری لانسنگ سے حاصل ہونے والی برآمدات 400 ملین ڈالر سے بڑھ کر 1.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ اگر حکومت، تعلیمی ادارے اور نجی شعبہ نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت فراہم کریں تو پاکستان فری لانسنگ کے شعبے سے سالانہ 10 ارب ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔