بدھ، 29-جولائی،2026
بدھ 1448/02/15هـ (29-07-2026م)

پاک چین فارماسیوٹیکل کانفرنس، جدید فارما صنعت کے فروغ کے لیے نئی شراکت داریوں کا آغاز

18 جولائی, 2026 11:48

پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل، بائیوٹیکنالوجی اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے اسلام آباد میں پاک چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

دو روزہ کانفرنس میں پاکستان اور چین کی 300 سے زائد فارما کمپنیوں، چینی سپلائرز، سرمایہ کاروں اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی، جہاں جدید فارما صنعت، بائیوٹیکنالوجی، تحقیق اور مقامی پیداوار کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان بائیوٹیکنالوجی اور مقامی فارماسیوٹیکل پیداوار کے شعبوں میں تقریباً 440 ملین ڈالر مالیت کے 9 سرمایہ کاری معاہدے طے پائے۔

چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں فارما اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں موجود وسیع مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی گنجائش موجود ہے۔

ان کے مطابق تحقیق، جدت اور فارماسیوٹیکل شعبے میں مشترکہ منصوبوں کے لیے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔

وی سول گروپ اور ایل ڈی ایس فارما کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر محمود نے کہا کہ چینی شراکت داروں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کے نتیجے میں پاکستان میں ویکسین کی مقامی تیاری ممکن ہو سکے گی، جس سے ملکی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

گروپ مینجنگ ڈائریکٹر او بی ایس اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اے جی پی لمیٹڈ کامران ناصر نے کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزارتِ صحت، ایس آئی ایف سی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے فارماسیوٹیکل شعبے کی ڈی ریگولیشن میں ایس آئی ایف سی کے کردار سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے، جبکہ ایسے اقدامات ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے مثبت پیش رفت ہیں۔

پاک چین فارماسیوٹیکل کانفرنس کو دونوں ممالک کے درمیان صحت، تحقیق اور صنعتی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے پاکستان کی فارما صنعت کو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور عالمی معیار کی پیداوار کے مواقع میسر آئیں گے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔