جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

سریا، سیمنٹ، اینٹ اور مزدوری کے سرکاری ریٹس کی نئی فہرست جاری

18 جولائی, 2026 11:22

پنجاب حکومت نے سرکاری تعمیراتی منصوبوں کے لیے مارکیٹ ریٹس سسٹم (MRS) کی دوسری ششماہی 2026 کی نئی فہرست جاری کر دی ہے۔

محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئی ریٹ لسٹ یکم جولائی 2026 سے 31 دسمبر 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔ اس فہرست کی بنیاد پر صوبے بھر میں جاری اور نئے سرکاری ترقیاتی منصوبوں کی لاگت، تخمینے اور ٹینڈرز تیار کیے جائیں گے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق نئی ایم آر ایس فہرست میں تعمیراتی شعبے سے متعلق تقریباً تمام اہم اشیا اور کاموں کے سرکاری نرخوں کو موجودہ مارکیٹ قیمتوں کے مطابق اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ اس میں سریا، سیمنٹ، اینٹ، ریت، بجری، کنکریٹ، پلستر، ٹائلز، فرش، چھتوں کی تعمیر، سڑکوں، سیوریج، نکاسی آب، پائپ لائنز، الیکٹریکل ورک، فٹنگز اور دیگر تعمیراتی سرگرمیوں کے تازہ ریٹس شامل کیے گئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گریڈ 40 سریے کا بنیادی ریٹ تقریباً 11 ہزار 727 روپے فی من مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 60 سریے کا بنیادی نرخ تقریباً 11 ہزار 992 روپے فی من رکھا گیا ہے۔ اگر سریے کی کٹنگ، بینڈنگ، بچھائی اور بائنڈنگ سمیت مکمل لاگت کو شامل کیا جائے تو گریڈ 40 سریے کی مجموعی لاگت تقریباً 12 ہزار 45 روپے فی من بنتی ہے، جبکہ گریڈ 60 سریے کی مکمل لاگت تقریباً 12 ہزار 317 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ خزانہ نے نئی فہرست میں کمپوزٹ ریٹس بھی شامل کیے ہیں۔ ان ریٹس میں سیمنٹ، سریا، اینٹ، ریت، بجری، مزدوری اور دیگر ضروری اخراجات کو ایک ساتھ شامل کرکے مختلف تعمیراتی کاموں کی معیاری لاگت مقرر کی گئی ہے۔ اس طریقہ کار کا مقصد سرکاری منصوبوں میں لاگت کے تخمینے کو زیادہ درست، شفاف اور موجودہ مارکیٹ کے مطابق بنانا ہے۔

حکام کے مطابق نئی ایم آر ایس کتابچہ 222 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں تعمیراتی شعبے کے 27 مختلف ابواب شامل کیے گئے ہیں۔ ان ابواب کے تحت عمارتوں، شاہراہوں، پلوں، نکاسی آب، سیوریج منصوبوں، سرکاری دفاتر، اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے تخمینے تیار کیے جائیں گے۔

محکمہ خزانہ پنجاب نے تمام سرکاری اداروں، ترقیاتی اتھارٹیز اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ یکم جولائی 2026 سے 31 دسمبر 2026 کے دوران تیار کیے جانے والے تمام تخمینے، ٹینڈرز اور ادائیگیاں نئی مارکیٹ ریٹس سسٹم (MRS) فہرست کے مطابق ہی کی جائیں تاکہ تمام منصوبے سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت مکمل کیے جا سکیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔