جمعہ، 17-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

حکومت کا تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلہ

17 اپریل, 2026 08:34

سندھ حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسکولوں کے اندر کتابیں، کاپیاں، یونیفارم اور دیگر تعلیمی سامان فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب کوئی بھی نجی اسکول اپنی حدود میں اسٹیشنری یا یونیفارم فروخت نہیں کر سکے گا۔ اس کے ساتھ اسکول انتظامیہ کو یہ بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ والدین کو کسی مخصوص دکان یا سپلائر سے خریداری پر مجبور نہیں کریں گے۔

حکام کے مطابق تعلیمی سال کے آغاز پر ہر اسکول کو مکمل بک لسٹ فراہم کرنا ہوگی۔ اس اقدام سے والدین کو یہ سہولت ملے گی کہ وہ اپنی مرضی اور بجٹ کے مطابق کھلی مارکیٹ سے کتابیں اور دیگر سامان خرید سکیں۔ اس طرح غیر ضروری اخراجات میں کمی آنے کی توقع ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ مخصوص لوگو یا مونوگرام والی کاپیاں خریدنے پر مجبور کرنا بھی غیر قانونی ہوگا۔ ماضی میں کئی والدین نے شکایت کی تھی کہ اسکول مہنگی اشیاء خریدنے پر مجبور کرتے ہیں، جس سے ان کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے خبردار کیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس میں بھاری جرمانے، لائسنس معطلی یا رجسٹریشن منسوخی جیسے اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔