منگل، 30-جون،2026
منگل 1448/01/15هـ (30-06-2026م)

وزیرِ اعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز

30 جون, 2026 11:23

پنجاب حکومت نے وزیرِ اعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

 اس سلسلے میں طلبہ کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ لیپ ٹاپس کی پہلی کھیپ پنجاب پہنچ چکی ہے اور جلد ہی اہل طلبہ میں تقسیم کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ دوسرے مرحلے کے تحت ابتدائی طور پر 30 ہزار لیپ ٹاپ پنجاب پہنچ چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رواں سال صوبے بھر میں مجموعی طور پر 70 ہزار سے زائد لیپ ٹاپ ہونہار اور اہل طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جدید تعلیم کے لیے کمپیوٹر اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ آن لائن تعلیم، تحقیق، اسائنمنٹس، فری لانسنگ، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں استعمال کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں تعلیم کے شعبے کے لیے ریکارڈ 750 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ اس بجٹ سے تعلیمی اداروں کی بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی، ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ، اساتذہ کی معاونت اور مستحق طلبہ کے لیے مختلف فلاحی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق اسکول تعلیم کے جاری اخراجات کے لیے 600 ارب 78 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 13 ارب 18 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 570 ارب 52 کروڑ روپے ضلعی تعلیمی اداروں اور سرکاری اسکولوں کو گرانٹس اور دیگر مالی معاونت کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے لیے بھی حکومت نے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ جاری اخراجات کے لیے 83 ارب 48 کروڑ روپے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11 ارب 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح 68 ارب 72 کروڑ روپے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر انتظامی اخراجات کے لیے رکھے گئے ہیں۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔