تعلیمی اداروں میں 31 اگست تک گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع؟ وائرل نوٹیفکیشن کی حقیقت سامنے آگئی

پشاور: خیبر پختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا محکمہ تعلیم کا نوٹیفکیشن جعلی نکلا۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ روز ایک نوٹیفکیشن تیزی سے وائرل ہوا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شدید بارشوں اور ہیٹ ویو کے باعث خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 31 اگست 2026 تک بڑھا دی گئی ہیں۔
وائرل نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے یکم ستمبر 2026 سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔
دستاویز میں محکمہ تعلیم کا نام، سرکاری طرز کی فارمیٹنگ اور دیگر تفصیلات شامل ہونے کے باعث طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کے منتظمین میں بھی تشویش اور الجھن پیدا ہوگئی۔
تاہم خیبر پختونخوا کے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وائرل نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کردی ہے۔
محکمہ تعلیم نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی ایسی دستاویزات پر اعتماد نہ کریں اور جعلی نوٹیفکیشن کو مزید شیئر کرنے سے گریز کریں۔
17 اگست سے اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے لیے موسم گرما کی تعطیلات آج ختم ہو رہی ہیں۔
اس کے بعد تعلیمی ادارے کل 17 اگست 2026 سے معمول کے مطابق کھلیں گے، لہٰذا 31 اگست تک تعطیلات میں توسیع سے متعلق وائرل خبر درست نہیں۔
طلبہ اور والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کی تعطیلات یا دیگر اہم فیصلوں سے متعلق معلومات کے لیے صرف محکمہ تعلیم کے سرکاری ذرائع اور باقاعدہ جاری کردہ نوٹیفکیشنز پر اعتماد کریں۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












