وزیراعلیٰ پنجاب کا پچاس ایکڑ پر مشتمل ملک کے پہلے فلم سٹی کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستانی فلمی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پچاس ایکڑ رقبے پر محیط پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی فلمی صنعت کی بحالی اور تخلیقی معیشت کے فروغ کے لیے پنجاب فلم سٹی کا سنگِ بنیاد رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ منصوبہ لاہور میں قائم کیے جانے والے نواز شریف آئی ٹی سٹی کا حصہ ہوگا، جو پچاس ایکڑ اراضی پر مشتمل ہوگا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق یہ ملک کا پہلا مکمل میڈیا پروڈکشن ہب ہوگا، جہاں فلم، ٹیلی ویژن، اینیمیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کے تمام مراحل ایک ہی چھت تلے مکمل کیے جا سکیں گے۔
اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، وسائل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ مقامی فلم سازوں کو بیرونِ ملک انحصار نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ اور ڈرون اڑانے پر پابندی میں توسیع
مریم نواز شریف نے مزید بتایا کہ پنجاب فلم سٹی میں جدید اسٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیجز، اور پوسٹ پروڈکشن لیبز قائم کی جائیں گی، جس سے اینیمیشن اور گیمنگ کے شعبوں کو بھی فروغ ملے گا۔
شوٹنگ کے لیے مختلف مصنوعی سیٹس اور ایک مرکزی جھیل بھی بنائی جائے گی، جبکہ بین الاقوامی تقریبات اور ایوارڈ شوز کے انعقاد کے لیے کنونشن ہالز بھی تعمیر ہوں گے۔
اس منصوبے کے تحت ایک میڈیا ٹریڈ ہب اور فلم و موسیقی کا اسکول بھی قائم کیا جائے گا تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کو تربیت دی جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے براہِ راست اور بالواسطہ طور پر ہزاروں افراد کو روزگار ملے گا اور یہ ٹیکنالوجی و کاروبار کے اشتراک کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











