ہفتہ، 13-جون،2026
جمعہ 1447/12/26هـ (12-06-2026م)

دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، وزیر اعظم کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت

27 مارچ, 2025 17:46

صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر  مملکت آصف زرداری نے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں مذموم کارروائیاں دہشت گردوں کے مکروہ مقاصد کی عکاسی کرتی ہیں۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حملے کے ذمے داران کا تعین اور قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے جاں بحق افراد کی بلنددرجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی جب کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی تلقین کی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شرپسندی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، شرپسندوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں بڑیچ مارکیٹ کے قریب دھماکا، 2 افراد جاں بحق اور 17 زخمی

اس کے علاوہ وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کوئٹہ ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دشمن قوتیں بلوچستان کو ٹارگٹ کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں بڑیچ مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جب کہ پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا سڑک کنارے ہوا، اس وقت سکیورٹی فورسز کی گاڑی بھی گزر رہی تھی، البتہ ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر موجود ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔