پیر، 11-مئی،2026
پیر 1447/11/24هـ (11-05-2026م)

رانا ثناء اللہ 250 ووٹ لے کر پنجاب سے سینیٹر منتخب

09 ستمبر, 2025 21:19

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ پنجاب اسمبلی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں 250 ووٹ حاصل کرکے سینیٹر منتخب ہوگئے۔

یہ نشست تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ منگل کے روز پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی اور شام 4 بجے تک جاری رہی، جس کی نگرانی الیکشن کمیشن نے کی۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایوان کے 363 فعال اراکین میں سے 251 نے ووٹ کاسٹ کیاجن میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔ چھ پی ٹی آئی ارکان پہلے سے نااہل ہیں جبکہ دو اراکین نے تاحال حلف نہیں اٹھایا۔

اعجاز چوہدری کو 9 مئی 2023 کے احتجاجی واقعات میں سرکاری املاک، فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزا سنائی گئی تھی۔

جولائی 2025 میں الیکشن کمیشن نے انہیں 10 سال قید کی سزا کے بعد پارلیمانی رکنیت سے فارغ کر دیا تھا۔ انہی کی نااہلی کے بعد یہ نشست خالی ہوئی جس پر ضمنی انتخاب منعقد ہوا۔

رانا ثناء اللہ حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار کے طور پر سامنے آئے۔ اس اتحاد میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور مسلم لیگ (ق) شامل تھیں۔

ان کے پاس کل 263 ووٹوں کی حمایت موجود تھی جو مطلوبہ 180 ووٹوں سے کہیں زیادہ تھی۔ مسلم لیگ (ن) نے 229، پیپلز پارٹی نے 16، استحکامِ پاکستان پارٹی نے 7 اور مسلم لیگ (ق) نے 11 ووٹ رانا ثناء اللہ کو دیے۔

اپوزیشن نے نااہل سینیٹر اعجاز چوہدری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کو امیدوار نامزد کیا تھا جنہیں ابتدائی طور پر 100 ووٹوں کی حمایت حاصل تھی۔

ان میں 73 ووٹ سنی اتحاد کونسل کے، 24 تحریک انصاف کے تھے جبکہ تحریک لبیک، مسلم لیگ ضیاء اور مجلس وحدت المسلمین کا ایک ایک ووٹ شامل تھا بعد ازاں اپوزیشن نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

رانا ثناء اللہ کی کامیابی کے ساتھ ہی حکومتی اتحاد نے پنجاب میں اپنی پارلیمانی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے جبکہ اپوزیشن کے بائیکاٹ نے انتخابی عمل کو یکطرفہ بنا دیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔