تیاری کرلیں!!! موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

Get Ready!!! Meteorological Department Issues Important Weather Forecast
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران موسم سرد رہے گا جبکہ بعض علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود بھی رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
مری اور گلیات میں بھی موسم سرد رہے گا جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ خطہ پوٹھوہار میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے کئی اضلاع میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، پاکپتن، ساہیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میانوالی میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند متوقع ہے۔
اس کے علاوہ لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان کے کئی علاقوں میں بھی دھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے بعض حصوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے آج سے 23 جنوری تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش ہو سکتی ہے۔ لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








