مردان: پہاڑی تودہ گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی، امدادی آپریشن جاری

مردان میں پہاڑی تودہ گرنے کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کے ہمراہ تاحال لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پہاڑی تودہ گرنے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک جان سے ہاتھ دھونے والے افراد کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق جائے وقوعہ سے اب تک مجموعی طور پر 11 افراد کو نکالا جا چکا ہے، جن میں سے 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ 3 افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک زخمی دوران علاج گزشتہ شب وفات پا گیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ باقی دو زخمیوں کو بہتر علاج معالجے کے لیے ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لودھراں : ہینڈ فری لگا کر ریلوے پٹڑی پر گیم کھیلنے والا نوجوان ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق، ایک زخمی
امدادی آپریشن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سید شعیب منصور کی براہ راست نگرانی میں جاری ہے، جس میں 3 اسٹیشن ہاؤس انچارج اور تقریباً 50 اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
آپریشن میں تیزی لانے کے لیے 8 ایمبولینسیں، 3 ایکسکیویٹرز اور ایک ریکوری وہیکل استعمال کی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کے مطابق ملبے تلے اب بھی ایک شخص کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ہے، جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جب تک آخری لاپتہ شخص کی تلاش مکمل نہیں ہو جاتی، امدادی کارروائیاں بند نہیں کی جائیں گی۔ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ مزید کسی خطرے سے بچا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









