جمعہ، 17-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

وفاق اور صوبوں میں غیر ضروری ترقیاتی منصوبے روکنے کا حکم، وزیراعظم کا کفایت شعاری پر زور

02 اپریل, 2026 15:40

وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کو رکوانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ملکی معیشت کو بچانے کے لیے سخت کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں خطے کی موجودہ صورتحال اور ملکی معیشت کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے کے لیے اپنی تمام تر سفارتی توانائیاں بروئے کار لا رہا ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اس وقت جنگ رکوانے اور فوری جنگ بندی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے کیونکہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی اس جنگ کے اثرات سے براہِ راست متاثر ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت خطے کو درپیش جنگی صورتحال کی وجہ سے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے پاکستان اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے اپنی گفتگو میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں انتھک محنت کر رہے ہیں اور انہوں نے حال ہی میں ایرانی ہم منصب سے بھی تفصیلی بات چیت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ارکان پارلیمنٹ کا کفایت شعاری پالیسی کے تحت اپنی تنخواہوں میں کٹوتی سے انکار

وزیراعظم نے خاص طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کلیدی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت بھی علاقائی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور معاونت کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے گزشتہ دو سالوں کے دوران تمام اداروں نے مل کر سخت محنت کی ہے، تاہم موجودہ حالات مزید قربانیوں اور بہتر حکمتِ عملی کے متقاضی ہیں۔

داخلی اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم نے ایک بڑے فیصلے کا بتایا کہ ساٹھ فیصد سرکاری گاڑیوں کا استعمال فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ جو ترقیاتی منصوبے اس وقت روکے جا سکتے ہیں، انہیں فوری طور پر روک دیا جائے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری اور بچت کے ان اقدامات کا واحد مقصد فنڈز بچا کر انہیں غریب اور مستحق لوگوں کو ریلیف دینے پر خرچ کرنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کا خواب شرمندہِ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی کہ بین الاقوامی بحرانوں کے اثرات سے اپنے عوام کو محفوظ رکھے اور ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔