وزیراعظم اور صدر مملکت کا لبنان جنگ بندی کا خیر مقدم

وزیراعظم اور صدر مملکت نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اسے خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے لبنان کی خودمختاری کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں لبنان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس پیش رفت کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ اور دانشمندانہ سفارتی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی خطے میں پائیدار اور مستقل امن کی راہ ہموار کرے گی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا اور ان تمام کوششوں کی تائید کرے گا، جن کا مقصد مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کا قیام ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی اسرائیل اور لبنان کے درمیان سیز فائر کا کریڈٹ لینے کی کوشش
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی لبنان میں ہونے والی جنگ بندی کو کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
صدر زرداری نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ یہ معاہدہ مغربی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے انتہائی ضروری تھا۔
انہوں نے لبنان کی خود مختاری کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی آئے گی، جو کہ پورے خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔
پاکستان کی قیادت کا ماننا ہے کہ عالمی برادری کو لبنان کی تعمیر نو اور امن کی بحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ معصوم انسانوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









