پاکستان اور مصر کی مشترکہ فوجی مشقیں ‘تھنڈر ٹو’ کامیابی سے مکمل

پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جنگی مشقیں ‘تھنڈر ٹو’ چرارٹ میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی ہیں۔
راولپنڈی سے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں ‘تھنڈر ٹو’ چرارٹ کے مقام پر کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔ دو ہفتوں پر محیط ان مشقوں کا محور دہشت گردی کے خلاف آپریشنز اور مشترکہ حکمتِ عملی کی تیاری تھا۔
ان مشقوں کا بنیادی مقصد دونوں دوست ممالک کی افواج کے درمیان ‘انٹر آپریبلٹی’ کو بہتر بنانا تھا، جس کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استعمال ہونے والی مختلف مشقوں، طریقہ کار اور تکنیکوں کو مشترکہ تربیت کے ذریعے مزید نکھارا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی عسکری قیادت کو خراج تحسین، والہانہ محبت کا اظہار، خصوصی دعائیں
ان اہم جنگی مشقوں میں پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور مصری اسپیشل فورسز کی جنگی ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔
تربیت کے دوران دونوں ممالک کے کمانڈوز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ درجے کی آپریشنل صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مشقوں کی اختتامی تقریب میں اسپیشل سروسز گروپ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مصری پیرا ٹروپرز کے کمانڈر میجر جنرل محمد سعد عبد الرزاق اور مصر کے دفاعی اتاشی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور جوانوں کی مہارت کو سراہا۔
ان مشقوں سے نہ صرف دونوں افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں بلکہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ اور تاریخی فوجی روابط کو بھی ایک نئی جہت ملی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










