ضلعی انتظامیہ کی اسلام آباد میں پیٹرول کی قلت کی تردید

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں پیٹرول کی قلت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود ہے اور سپلائی کا نظام پوری طرح فعال ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیٹرول کی ممکنہ قلت کے حوالے سے سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں گردش کرنے والی خبروں پر ضلعی انتظامیہ نے خاموشی توڑتے ہوئے ایک تفصیلی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے اور قلت کی تمام رپورٹس بے بنیاد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مشرق وسطیٰ میں امن کی امید، اسلام آباد کا ریڈ زون ہائی الرٹ، فریقین کی آمد کا انتظار
ترجمان نے واضح کیا کہ شہر میں ہیوی ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت پر عارضی پابندی کے باعث چند پیٹرول پمپس کو سپلائی میں وقتی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اب پیٹرول ٹینکرز کے ذریعے ان تمام مقامات پر ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور نہ ہی پریشان ہوں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد خود شہر میں ایندھن کی دستیابی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے پیٹرول پمپس پر اسٹاک کا معائنہ کریں۔
انتظامیہ کے مطابق ایک جدید ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے شہر کے تمام پمپس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی جگہ قلت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی پمپ پر ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہریوں کو پیٹرول و ڈیزل کی دستیابی میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آنے دی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










