جمعرات، 23-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/06هـ (23-04-2026م)

سندھ میں بغیر روٹ پرمٹ اور فٹنس کے چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

23 اپریل, 2026 12:49

سندھ حکومت نے صوبے بھر میں بغیر روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اسکول وینز میں گیس سلنڈرز کے استعمال پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے چیئرمینوں کو مراسلے جاری کر دیے گئے ہیں، جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کو فوری طور پر سڑکوں سے ہٹا دیا جائے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں گاڑیوں کے دستاویزات کی میعاد ختم ہو چکی ہے، جو کہ موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 اور رولز 1979 کی صریح خلاف ورزی ہے۔

حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹ کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب فٹنس سرٹیفکیٹ مکمل طور پر آن لائن جاری کیے جا رہے ہیں۔

بین الاضلاعی اور شہری روٹس کے پرمٹس بھی اب خودکار نظام کے ذریعے دیے جائیں گے اور بہت جلد مینیوئل روٹ پرمٹس کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ میں بغیر روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

وزیر ٹرانسپورٹ نے واضح کیا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے، اس لیے یہ لازمی ہے کہ 27 فروری 2026سے پہلے کا کرایہ ہی وصول کیا جائے۔ شہریوں کی جانب سے زائد کرایہ وصولی کی شکایات پر انہوں نے حکام کو خصوصی چیکنگ مہم شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام پبلک سروس گاڑیوں میں کرایہ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا تاکہ عوام کو آگاہی مل سکے۔

اس کے علاوہ اسکول وینز اور بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال پر سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس پر عملدرآمد نہ کرنے والی گاڑیوں کو فوری طور پر ضبط کر لیا جائے گا۔

شرجیل انعام میمن نے حکام کو دو ٹوک ہدایت کی ہے کہ کسی بھی گاڑی کو مکمل دستاویزات اور حفاظتی اقدامات کے بغیر سڑک پر چلنے کی اجازت نہ دی جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔