اتوار، 26-اپریل،2026
اتوار 1447/11/09هـ (26-04-2026م)

فیروزوالہ میں کوسٹر اور پولیس گاڑی کے درمیان ہولناک تصادم، انسپیکٹر سمیت 3 جاں بحق

26 اپریل, 2026 14:10

فیروزوالہ میں ایک تیز رفتار کوسٹر نے پیٹرو پولیس کی گاڑی کو زوردار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس انسپیکٹر اور ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 20 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

فیروزوالہ کے علاقے کالا خطائی روڈ پر لبانوالہ کرول ساٹ کے قریب ایک انتہائی دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک بے قابو کوسٹر نے پولیس کی پیٹرولنگ گاڑی کو کچل ڈالا۔

عینی شاہدین کے مطابق تصادم اتنا زوردار تھا کہ دونوں گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں اور جائے وقوعہ پر چیخ و پکار مچ گئی۔

اس المناک حادثے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جن کی شناخت ٹریفک پولیس انسپیکٹر غلام حسین اعوان، کوسٹر ڈرائیور عمران اور ایک مسافر ادریس کے نام سے ہوئی ہے۔ ٹریفک پولیس کے سینئر افسر کی حادثے میں موت کی خبر نے پورے محکمہ پولیس میں رنج و غم کی لہر دوڑا دی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو گاڑیوں سے نکال کر طبی امداد کے لیے لاہور کے میو اسپتال منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ اور ڈرون اڑانے پر پابندی میں توسیع

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی تعداد 20 ہے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں پولیس وین میں سوار اسسٹنٹ سب انسپیکٹر مختار، کانسٹیبل فرزند اور کانسٹیبل مستنصر شامل ہیں، جبکہ 17 زخمیوں کا تعلق کوسٹر کے مسافروں سے ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ بظاہر کوسٹر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ سامنے سے آنے والی پولیس کی گاڑی سے جا ٹکرائی۔

جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹانے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے کرین طلب کر لی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے اور لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔