لاڑکانہ پولیس کی بڑی کامیابی، 50 لاکھ روپے انعام یافتہ خطرناک ڈاکو ہلاک

لاڑکانہ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 50 لاکھ روپے انعام یافتہ خطرناک ڈاکو اور بین الصوبائی منشیات فروش واحد بخش عرف سونو ابڑو کو ہلاک کر دیا ہے۔
لاڑکانہ پولیس نے وفاقی حساس ادارے کی معاونت سے تھانہ ولید کی حدود میں واقع عرب پیر کے علاقے میں ایک بڑی کارروائی انجام دی ہے، جس کے نتیجے میں سندھ کا ایک انتہائی مطلوب اور خطرناک ڈاکو واحد بخش عرف سونو ابڑو مارا گیا ہے۔
ایس ایس پی لاڑکانہ چوہدری کے مطابق، ہلاک ہونے والا ڈاکو سندھ حکومت کو مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کابینہ کا اہم اجلاس، کراچی کی سڑکوں کے لیے اربوں روپے کی منظوری
یہ ڈاکو شہید کانسٹیبل زوار مشتاق احمد تنیو کی شہادت کے واقعے میں مرکزی ملزم کے طور پر نامزد تھا اور علاقے میں خوف کی علامت بنے ہوئے ‘ابڑو گینگ’ کا سرغنہ تھا۔
پولیس کے مطابق، یہ مقابلہ اس وقت پیش آیا، جب ڈاکوؤں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، جس پر ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
دو طرفہ فائرنگ کے اس شدید تبادلے کے دوران واحد بخش ابڑو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلاک ڈاکو کا مجرمانہ ریکارڈ انتہائی سنگین ہے، وہ منشیات فروشی، دہشت گردی، رہزنی اور پولیس مقابلوں سمیت 30 سے زائد سنگین مقدمات میں نامزد تھا۔
پولیس نے ملزم کا سی سی ٹی وی ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔ وزیر داخلہ نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی لاڑکانہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعارفی نوٹ جاری کیا ہے۔ علاقے میں فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









