پاکستان میں فضائی آلودگی کے باعث سالانہ 40 ہزار سے زائد اموات ہو رہی ہیں، شیری رحمان

شیری رحمان نے عالمی ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان بدترین ماحولیاتی ناانصافی کا شکار ہے، جہاں آلودگی کے باعث سالانہ 40 ہزار سے زائد اموات ہو رہی ہیں۔
پیپلز پارٹی رہنماء سینیٹر شیری رحمان نے بریتھ پاکستان انٹرنیشنل کلائمیٹ چینج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلیوں کو انسانی بقا کا مسئلہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اس تلخ حقیقت کی جانب اشارہ کیا کہ کراچی سے اسلام آباد آنے پر ماحول اور ہوا کے معیار میں واضح فرق محسوس ہوتا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ آلودگی ہمارے شہروں کو کس تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موسم گرما کے دوران درجہ حرارت اب پچاس سے ترپن ڈگری سینٹی گریڈ تک جا رہا ہے، جو انسانی برداشت سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے واضح کیا کہ موسمیاتی تبدیلی اب کوئی مستقبل کا خطرہ نہیں بلکہ یہ آج کی حقیقت بن چکی ہے، جس کی بڑی وجہ کاربن کے اخراج اور گرین ہاؤس گیسوں میں ہونے والا بے پناہ اضافہ ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ محض ایک فیصد ہے، لیکن اس کے باوجود ہمارا ملک کلائمٹ انجسٹس یعنی ماحولیاتی ناانصافی کا سب سے زیادہ شکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں پہلی بار آئی ٹی مردم شماری کرانے کا فیصلہ
انہوں نے جنگوں کے ماحولیاتی اثرات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا کو امن کی امید تھی، مگر اب دوبارہ بڑھتے ہوئے تنازعات زمین کے ماحول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ جنگوں کے اثرات صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ یہ فضا کو بھی زہر آلود کر دیتے ہیں۔
پاکستان میں فضائی آلودگی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پڑوسی ممالک میں فصلوں کی باقیات جلانے سے سرحد پار آلودگی اور اسموگ میں اضافہ ہو رہا ہے، جو ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک میں ہر سال 40 ہزار سے زائد افراد صرف آلودگی کی وجہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد اب بھی ملک کا واحد سرسبز شہر ہے، جہاں مارگلہ کی پہاڑیاں پھیپھڑوں کا کام کر رہی ہیں، تاہم پورے ملک کو بچانے کے لیے اب فوری اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ یہ صرف ماحول کا نہیں بلکہ ہماری نسلوں کی بقا کا معاملہ ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










