کراچی والوں کے لیے راحت کی خبر، سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان

محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں جاری شدید حبس کی کیفیت جلد ختم ہو جائے گی اور کل دوپہر تک سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہونے کا امکان ہے۔
کراچی کے باسیوں کے لیے ایک طویل اور تکلیف دہ حبس کے بعد بالاآخر راحت کی خبر آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کل دوپہر سے سمندری ہواؤں کی مکمل بحالی متوقع ہے، جس کے بعد گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی آئے گی۔
سمندری ہوائیں بحال ہونے کے باعث شہر کے جنوبی، مغربی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت نیچے آنے کا امکان ہے، جس سے ان علاقوں کے مکینوں کو بڑی حد تک ریلیف ملے گا۔
تاہم، محکمہ موسمیات نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ شمالی اور مشرقی علاقوں میں کل بھی گرمی کا زور برقرار رہ سکتا ہے، لیکن وہاں بھی کل شام سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کابینہ کا اہم اجلاس، کراچی کی سڑکوں کے لیے اربوں روپے کی منظوری
آج کے موسم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہر کا مطلع گرم و مرطوب رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چھتیس سے اڑتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت انتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، لیکن ہوا میں نمی کا تناسب اٹھہتر فیصد تک ہونے کی وجہ سے گرمی کی اصل شدت اڑتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔
نمی کے زیادہ تناسب نے شہر میں حبس کی کیفیت پیدا کر رکھی ہے، جس نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ جیسے ہی سمندری ہوائیں اپنی رفتار پکڑیں گی، ہوا میں نمی کا یہ بوجھ کم ہوگا اور کراچی کا روایتی خوشگوار موسم واپس لوٹ آئے گا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرمی کے اس آخری اسپیل کے دوران زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں اور دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










