جمعرات، 14-مئی،2026
جمعرات 1447/11/27هـ (14-05-2026م)

پاکستان کا طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ

14 مئی, 2026 15:07

پاک فوج کے راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ زمین سے مار کرنے والے کروز میزائل فتح 4 کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے، جو طویل فاصلے تک دشمن کے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان نے دفاعی صلاحیتوں میں خود انحصاری کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ مکمل کر لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تجربہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد فوجیوں کی آپریشنل کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور میزائل کے مختلف تکنیکی نظاموں کی جانچ پڑتال کرنا تھا۔

فتح 4 میزائل جدید ترین ایوی اونکس اور جدید ترین نیوی گیشن سسٹم سے لیس ہے، جو اسے طویل فاصلے تک اپنے ہدف کو غیر معمولی درستگی کے ساتھ تباہ کرنے کے قابل بناتا ہے۔

اس میزائل سسٹم میں ایسے ذیلی نظام شامل کئے گئے ہیں، جو نہ صرف اس کی نشانہ بازی کی صلاحیت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ دشمن کے دفاعی نظام سے بچنے اور میدانِ جنگ میں بقا کی صلاحیت کو بھی تقویت دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : یو اے ای سے پاکستانیوں کی جبری بے دخلی، شیر افضل مروت نے معاملہ ایوان میں اٹھا دیا

اس کامیاب تربیتی تجربے کا مشاہدہ پاکستان آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ میزائل تیار کرنے والے ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔

تجربے کے دوران میزائل نے اپنے تمام تکنیکی پیرامیٹرز کو کامیابی سے پورا کیا، جس پر وہاں موجود ماہرین نے اطمینان کا اظہار کیا۔

صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک بحریہ کے سربراہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس اہم سنگِ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی ہے۔

تمام عسکری و سیاسی قیادت نے فتح سیریز کے اس نئے میزائل کی تیاری میں حصہ لینے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی عملے کی انتھک محنت، لگن اور عزم کو سراہتے ہوئے اسے ملکی دفاع کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔