یو اے ای سے پاکستانیوں کی جبری بے دخلی، شیر افضل مروت نے معاملہ ایوان میں اٹھا دیا

متحدہ عرب امارات سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی جبری بے دخلی اور ان کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھا دیا گیا، جس پر اپوزیشن رکن شیر افضل مروت نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
متحدہ عرب امارات سے پاکستانی شہریوں کی جبری بے دخلی کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ تحریکِ انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے ایوان کی توجہ اس جانب دلاتے ہوئے کہا کہ امارات میں پاکستانیوں کے ساتھ انتہائی برا سلوک کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارا چنار سے تعلق رکھنے والے 18 ہزار سے زائد افراد، جن میں زیادہ تر اہل تشیع مسلک سے تعلق رکھتے ہیں، کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یو اے ای سے کسی ملک یا فرقے کے افراد کی بے دخلی کی خبریں جھوٹ ہیں، وزارت داخلہ
شیر افضل مروت نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس خبر کی تردید کی ہے، حالانکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے مزید انکشاف کیا کہ امارات میں پاکستانیوں کو دس دس دن تک قید رکھا جاتا ہے، ان پر تشدد کیا جاتا ہے اور ان کی ویڈیوز بنائی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسی ڈرائیور سے لے کر بزنس مین تک، جن کے ناموں کے ساتھ حسن یا حسین ہے، انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے دفترِ خارجہ کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پاکستان جرات کے ساتھ اس خلیجی ملک سے بات کرے اور اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔
انہوں نے وزراء کی ایوان سے غیر حاضری پر بھی احتجاج کیا اور کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے صرف مخصوص قانون سازی میں دلچسپی رکھتی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











