پنجگور میں گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، تین افراد جاں بحق

پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین مقامی افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔
بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے گوارگو میں ایک گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ علاقے سے گزر رہی تھی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں سمیت زخمیوں کو فوری طور پر پنجگور ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار سگے بھائی جاں بحق
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تینوں افراد مقامی تھے اور ان کا تعلق اسی علاقے سے تھا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائرنگ کے پیچھے کیا محرکات تھے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا لیا جائے گا۔ علاقے میں اس واقعے کے بعد خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











