جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

بنوں کے رہائشی کی اپنے دہشت گرد بیٹے سے اعلان لاتعلقی، پاک فوج کی حمایت کا اعلان

18 مئی, 2026 10:10

ضلع بنوں کے غیور عوام نے فتنہ الخوارج کے گمراہ کن بیانیے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اپنے دہشت گرد رشتہ داروں سے سرعام لاتعلقی اور پاک فوج کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے تنگ آئے ہوئے صوبے کے عوام اب خود میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے اپنے ان رشتہ داروں سے جو دہشت گردی میں ملوث ہیں، سرعام اور قانونی طور پر مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی بہادر پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کا ا علان کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں ضلع بنوں کے پریس کلب میں ایک انتہائی اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جہاں بنوں کے مقامی اور معزز رہائشی وزیر اقبال نے اپنے ہی سگے دہشت گرد بیٹے، جس کی شناخت خارجی شاکر اللہ کے نام سے ہوئی ہے، سے مکمل طور پر ناطہ توڑنے اور لاتعلقی کا اعلان کیا۔

بنوں پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں کے سامنے روتے ہوئے خارجی شاکر اللہ کے والد وزیر اقبال نے کہا کہ ان کے بیٹے شاکر اللہ کے تمام اچھے برے اعمال، جرائم اور ریاست مخالف تخریبی سرگرمیوں سے ان کا یا ان کے خاندان کا اب کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس کے کسی عمل کے ذمہ دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں میں چوکی پر خودکش حملہ، 15 پولیس اہلکار شہید اور 5 زخمی 

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ خارجی شاکر اللہ تقریباً چھ ماہ قبل اچانک گھر چھوڑ کر غائب ہو گیا تھا اور بعد میں معلوم ہوا کہ وہ فتنہ الخوارج کے ہتھے چڑھ کر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے گمراہ بیٹے کو واپس سیدھے راستے پر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تمام قریبی رشتہ داروں اور اہلِ خانہ کو بھی اس کو ڈھونڈنے اور واپس لانے کے لیے اس کے پیچھے بھیجا، لیکن وہ بدقسمتی سے واپس نہیں آیا اور اب وہ ہمارا بیٹا نہیں ہے۔

والد نے پریس کانفرنس کے اختتام پر عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پورا خاندان پاکستان کے تمام ریاستی اداروں، پاک فوج اور حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر قسم کے تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔