جمعرات، 4-جون،2026
جمعرات 1447/12/18هـ (04-06-2026م)

سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

04 جون, 2026 14:09

سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی بورڈز کے لیے میٹرک کے نتائج 10 جولائی اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ بھر میں مکمل ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کی تمام ڈویژنوں میں میٹرک کا رزلٹ 10 جولائی تک جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک لازمی جاری کر دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ کے ضلع سانگھڑ میں تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو نے تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت کی کہ امتحانات کے نتائج مقررہ وقت پر جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو آگے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں بروقت داخلوں میں سہولت مل سکے۔ انہوں نے امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور بہتری کے لیے ہر ممکن سرکاری سپورٹ فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

اجلاس میں تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان 31 اگست تک کر دیا جائے گا۔

بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ سکھر ڈویژن میں امتحانات کے دوران انتہائی ناقص کارکردگی دکھانے والی امتحانی ٹیموں کی ڈیوٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔

تعلیمی بورڈز کے سیکریٹری عباس بلوچ نے بتایا کہ کراچی میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور نقل کرنے پر متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔