امریکہ ایران معاملے میں پاکستان سرخرو ہوا، دنیا ہمیں امن ساز مانتی ہے، اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو امریکہ اور ایران کے معاملے میں سرخرو کیا ہے، ہمارا اگلا ہدف پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے پاکستان امریکہ اور ایران کے معاملے میں سرخرو ہو کر ابھرا ہے اور آج پاکستان کا نام پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن ممالک کو پہلے پاکستان کا علم نہیں تھا، انہیں بھی اب پاکستان کا پتہ چل گیا ہے۔ پاکستان ایٹمی قوت ہے، ہمارا اگلا ہدف اسے معاشی قوت بنانا ہے کیونکہ ملک اب ترقی کی جانب گامزن ہے۔
اسحاق ڈار نے یاد دلایا کہ 2017 میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معاشی طاقت بن چکا تھا لیکن اس کے بعد کے 4 سالوں میں ملک میں تباہی پھیر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : میں نہیں مانتا ایرانی اسکول پر گرنے والا میزائل امریکہ کا تھا، ٹرمپ
انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے، جس نے برادر ملک ایران پر حملے کی کھل کر مذمت کی اور آج دنیا پاکستان کو ایک امن ساز ملک کے طور پر جانتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے معاہدے کے لیے بہت محنت کی ہے اور پاکستان میں مسلم امہ کی قیادت کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
نائب وزیر اعظم نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بری آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال لیں گے اور اس معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی ایک منفرد فتح دیکھی ہے۔
انہوں نے ان خبروں کو مسترد کر دیا کہ پاکستان سفارتی طور پر تنہا رہ گیا تھا اور واضح کیا کہ ہم ایک امن پسند ملک ہیں، جو اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل عمل پیرا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









