پاکستان نے افغانستان میں انسداد دہشت گردی اقدامات پر بھارتی بیان کو مسترد کر دیا

پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کیے گئے اپنے جائز اقدامات پر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مکمل طور پر بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کر دیا۔
پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کو بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان، افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف اپنے جائز اور ہدفی اقدامات پر بھارتی وزارت خارجہ کے تبصرے کو سخت الفاظ میں مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ بیان مضحکہ خیز ہے کیونکہ بھارت خود خطے کے دیگر ممالک میں مداخلت کرنے اور اپنے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی ایک طویل اور سیاہ تاریخ رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان کا پاکستان کو اکسانا انہیں مہنگا پڑے گا، بلوچستان میں 4 ڈرونز تباہ کرنے کے بعد پاک فوج کا سخت پیغام
ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کو بندوق کے زور پر دبا رہا ہے اور وہ خود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ یہ بات اب کسی سے چھپی نہیں ہے کہ بھارت خود افغانستان کی سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے اور وہ خطے میں مستقل عدم استحکام پیدا کرنے کا منفی کردار ادا کر رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف اس طرح کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے اس جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا فوری نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پُرعزم انداز میں دہرایا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا اور یہ تمام اقدامات عالمی قوانین کے عین مطابق ہوں گے، کیونکہ ملکی سلامتی، بقا اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










